گورنمنٹ مینجمنٹ سائنسز کالج پاراچنار میں اینول ڈے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بہترین کارکردگی کے حامل طلبہ اور کالج سٹاف کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران کلچر شو بھی منعقد کیا گیا، جس نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو نمایاں کیا۔
کالج کے پرنسپل سید حسین علی شاہ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج ڈاکٹر نجات علی، سابق پرنسپل احمد جان، سید اطہر علی شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ مینجمنٹ سائنسز کالج علاقے کے طلبہ کے لیے ایک مثالی تعلیمی ادارہ ثابت ہو رہا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک و قوم کی خدمت میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پرنسپل سید حسین علی شاہ نے کہا کہ کالج میں طلبہ کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور عنقریب اے آئی لیب کا قیام عمل میں آئے گا، جس سے طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں گے۔ اینول ڈے تقریب میں طلبہ اور سٹاف کی بہترین کارکردگی کو سراہا گیا اور ایوارڈز دیے گئے۔
آخر میں طلبہ کے ثقافتی پروگرام کی صورت میں کلچر شو پیش کیا گیا جس نے تقریب کو رنگین اور یادگار بنایا۔
