ملک بھر میں موسم تیزی سے سرد ہونے لگا ہے، جس کے ساتھ ہی انسانی جسم اور ذہن پر مختلف غیر متوقع اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق موسم کی اس تبدیلی کو نظر انداز کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ سردی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی کیفیت پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں جسم اپنی حرارت برقرار رکھنے کے لیے مختلف فطری ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔ اسی عمل کے تحت ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں سکڑ جاتی ہیں، جس کے باعث انگوٹھیاں ڈھیلی محسوس ہوتی ہیں۔ یہ دراصل جسم کا حرارت محفوظ رکھنے کا ایک قدرتی طریقہ ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بعض افراد کو سردیوں میں ہاتھوں، پیروں اور کانوں میں درد یا جلن کا سامنا ہوتا ہے، جو خون کی باریک نالیوں میں اچانک ردِعمل کے باعث ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ کیفیت خطرناک نہیں، تاہم تکلیف دہ ضرور ہو سکتی ہے، جس سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑوں کے استعمال اور سرد موسم میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سرد موسم کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس دوران جسم زیادہ کیلوریز جلانے لگتا ہے تاکہ خود کو گرم رکھ سکے۔ تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ یہ عمل وزن کم کرنے کے لیے اکیلا کافی نہیں، البتہ ورزش کے ساتھ مل کر اس سے اضافی چربی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی، تیز ہوا اور برفباری آنکھوں پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے، اسی لیے برفانی علاقوں میں سن گلاسز کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔ سردی کے باعث چہرے کا سرخ ہونا بھی خون کی گردش میں عارضی تبدیلی کا نتیجہ ہوتا ہے، جو گرم ماحول میں آنے پر معمول پر آجاتی ہے۔
بزرگ افراد اور امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے سرد موسم کو خاص طور پر خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق جسم کو گرم رکھنے کے عمل میں دل پر اضافی دباؤ پڑتا ہے، جس سے بلڈ پریشر بڑھنے اور دل کے دورے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
مزید برآں، کم درجہ حرارت اور دھوپ کی کمی کے باعث وٹامن ڈی کی سطح کم ہونے سے مزاج پر منفی اثرات اور اداسی کی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ سرد موسم میں ہوا کی نمی کم ہونے سے آنکھوں اور ناک کی خشکی، جبکہ ٹھنڈی ہوا میں سانس لینے سے دمہ اور سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سرد موسم میں مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرم لباس پہنا جائے، صحت مند غذا اور وٹامن ڈی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ موسم کے منفی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
