کوہاٹ پنڈی روڈ پر بابری بانڈہ کے قریب مسافر کوچ کو پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے۔

 

ریسکیو 1122 کے مطابق مسافر کوچ راولپنڈی سے کوہاٹ آ رہی تھی کہ اوور اسپیڈنگ کے باعث ایک کار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور سڑک کے درمیان قائم سیفٹی وال سے ٹکرا گئی۔ حادثہ رات گئے پیش آیا، جس کے نتیجے میں کوچ کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا بالائی حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال کوہاٹ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

 

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے سڑک پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔