ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک صوبے بھر سے 31 ہزار 377 افغان باشندوں سمیت دیگر غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ڈی پورٹ کئے گئے افراد میں 11 ہزار 576 مرد، 6 ہزار 679 خواتین اور 13 ہزار 133 بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 43 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت تھے، جبکہ 11 ہزار 67 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 10 ہزار 267 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں 5 جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور صوبے سے تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
