باسط گیلانی

 

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے برغذئی میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے نشپہ بلاک میں یہ دریافت کی ہے اور اس حوالے سے سٹاک ایکسچینج کو بھی باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے۔

 

او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق کنویں سے روزانہ 2,280 بیرل خام تیل اور 56 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی، جو ملکی توانائی کی قلت کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کمپنی کے مطابق ناشپا بلاک کی کنگریالی فارمیشن سے پہلی مرتبہ تیل و گیس برآمد ہوا ہے۔ اس دریافت میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لیمیٹڈ( او جی ڈی سی ایل) کا حصہ 65 فیصد، پی پی ایل کا 30 فیصد جبکہ پی ایچ ایل کا 5 فیصد ہے۔

 

دوسری جانب برغذئی کے مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس دریافت سے پہلے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار دیا جائے اور مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے، اس لیے اس بار عملی اقدامات ضروری ہیں۔