باسط گیلانی
کوہاٹ میں افغان مہاجرین کی باعزت اور منظم وطن واپسی کے سلسلے میں آج ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر رحیم اللہ محسود کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ضلعی انتظامیہ کے افسران، ڈی اے افغان مہاجرین، کیمپ نمائندگان، مقامی عمائدین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں واپسی کے عمل سے متعلق انتظامی تیاریوں، سیکیورٹی اقدامات، کلیئرنس طریقہ کار اور فیلڈ سطح پر درپیش چیلنجز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مہاجرین کی واپسی کو محفوظ، شفاف اور حکومتی ہدایات کے مطابق یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر رحیم اللہ محسود نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ واپسی کے عمل کو فوری اور مؤثر انداز میں شروع کیا جائے اور ہر محکمہ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرے۔ انہوں نے مہاجرین کی سہولت، آسان رسائی اور باعزت رخصتی کیلئے جامع اور منظم انتظامات پر زور دیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری مزید بہتر بنائیں گے، جبکہ واپسی کے عمل کو مرحلہ وار اور منظم طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔
