جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا میں ایف سی ایگلو گیٹ پر گرلز ہائی سکول اور گرلز کالج کی طالبات نے ٹرانسپورٹ سہولت کی بحالی اور سخت پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

 

طالبات نے شکوہ کیا کہ ایف سی کیمپ وانا میں ان کی گاڑیوں کے داخلے کے لیے اجازت نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے، جو ان کے تعلیمی سفر میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق روزانہ طویل انتظار، بار بار کی چیکنگ اور بلاوجہ تاخیر کی وجہ سے انہیں سکول پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

 

مظاہرے میں شریک طالبات نے مطالبہ کیا کہ ان کی ٹرانسپورٹ کو ایگلو گیٹ پر بغیر تاخیر اور بغیر رکاوٹ گزرنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ بروقت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اسکاؤٹس کیمپ پہنچ سکیں۔

 

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہنے والے احتجاج کے دوران انتظامیہ، سٹی بریگیڈ اور سیکیورٹی حکام نے طالبات کے نمائندوں سے مذاکرات کئے۔ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد طالبات نے احتجاج ختم کر دیا جبکہ دو گھنٹے بعد گیٹ کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔

 

واضح رہے کہ حال ہی میں کیڈٹ کالج وانا پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد ایگلو گیٹ، فرہاد گیٹ اور دیگر داخلی و خارجی مقامات پر سخت سیکیورٹی بیریئرز نصب کیے گئے ہیں، جس کے باعث طلبہ، طالبات اور عام شہریوں کو نادرا سینٹر سمیت دیگر ضروری امور کے لیے شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔