پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب کے کئی اضلاع میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ادھر گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم شدید سرد رہے گا۔ سکردو میں درجہ حرارت منفی 5، گلگت میں منفی 3، استور اور قلات میں منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دیر اور چترال میں بھی درجہ حرارت منفی ایک ڈگری تک گر گیا، جبکہ کوئٹہ میں دو اور اسلام آباد میں تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
تاہم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں دھند کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ گجرات، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بھی دھند چھانے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کے باعث ڈی ایچ او آفس نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سموگ کے باعث سانس، دل اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور دائمی مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو غیر ضروری بیرونی سرگرمیاں محدود کرنے، سموگ کے دوران کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، اور ماسک کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ آنکھوں میں جلن کی صورت میں صاف پانی سے دھونے اور سانس میں دشواری پر فوری طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے سموگ کے اوقات میں گاڑیوں کے استعمال میں کمی کی اپیل بھی کی ہے۔
