نوشہرہ میں افغان مہاجرین کے انخلا کی سرکاری ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد چار بڑے مہاجر کیمپوں سے واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کے مطابق خیبرآباد اور ترکمان کیمپوں سے سیکڑوں افغان مہاجرین اپنے ملک روانہ ہو رہے ہیں، تاہم آکوڑہ خٹک اور دیگر کیمپوں و رہائشی علاقوں میں انخلا سست روی کا شکار ہے۔
انتظامی ذرائع نے بتایا کہ مہاجرین کے فوری انخلا کے لیے کیمپوں کی بجلی اور دیگر حکومتی مراعات ختم کر دی گئی ہیں جبکہ محکمہ صحت کے بی ایچ یو اور ڈسپنسریاں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیر سے مختلف علاقوں میں پولیس سرچ آپریشن کا آغاز کرے گی تاکہ افغان مہاجرین کے انخلا کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے تاکہ واپسی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔