محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
