ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی شدت بڑھنے لگی ہے اور محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات شدید سرد ہوں گے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسکردو میں یہ منفی 7، زیارت میں منفی 6 اور گوپس میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
اسی طرح گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4، جبکہ چترال، دیر اور قلات میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔