ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
جنوبی وزیرستان لوئر: عالمی یوم معذور کے موقع پر سپیشل افراد کے حقوق کی فراہمی کا مطالبہ Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

جنوبی وزیرستان لوئر: عالمی یوم معذور کے موقع پر سپیشل افراد کے حقوق کی فراہمی کا مطالبہ

سعید وزیر - 03/12/2025 85
جنوبی وزیرستان لوئر: عالمی یوم معذور کے موقع پر سپیشل افراد کے حقوق کی فراہمی کا مطالبہ

سعید وزیر

 
عالمی یوم معذور کے موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں وانا یونین معذور تنظیم نے  نیوز کانفرنس منعقد کی جس میں تنظیم کے جنرل سیکرٹری انور شاہ، فنانس سیکرٹری مولوی ثناء اللہ، رہبر کمیٹی کے باڈی ممبرز میرزا عالم، محمد عاشق، گل خان اور گلا پیر نے شرکت کی۔


کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے معذور افراد کو تنظیمی اور سرکاری سطح پر مجموعی مراعات سے محروم رکھنا انتہائی افسوس ناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے روزگار سکیم میں پچاس امیدواروں میں معذور افراد کے لیے کوئی کوٹہ مختص نہیں کیا گیا، جو کہ معذور برادری کے ساتھ سراسر حق تلفی ہے۔


جنرل سیکرٹری انور شاہ نے بتایا کہ علاقے کے سپیشل افراد میں ایم اے ڈگری ہولڈر نوجوان بھی موجود ہیں، لیکن انہیں مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یونیسیف پی ایس ٹی آسامیوں میں کوٹہ نہ ہونے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ ETEA کی آسامیوں میں خصوصی کوٹہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔


مقررین نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں پولیو جابز کی بھرتیوں میں بھی معذور افراد کے لیے کوئی حصہ مختص نہیں کیا گیا، جو کہ ناانصافی کے مترادف ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام اور سوشل ویلفیئر وانا دفتر میں DIT ڈگری ہولڈر معذور افراد کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے اور اسپیشل افراد کے لیے ماہانہ وظیفہ کی فراہمی کے اقدامات بھی کئے جائیں۔

 

انہوں نے زور دیا کہ بیت المال اور دیگر فلاحی اداروں کا امدادی سامان تنظیم کے سربراہ اور ذمہ داران کی وساطت سے مستحق افراد تک پہنچایا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔

 

نیوز کانفرنس کے دوران معذور طالب علم عبداللہ نور نے کہا کہ معذور طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت کی سطح پر پورے کیے جائیں تاکہ وہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں۔