محکمۂ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک میں موسم مزید سرد ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑے گی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلگت بلتستان اور قلات میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ نے بتایا کہ آئندہ دو روز کے دوران بالائی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پانچ دسمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق چھ دسمبر کو بھی مذکورہ علاقوں میں بارش اور برفباری جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ سات دسمبر کو گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔