پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن نے یو فون 4G، یو این ویمن اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے اشتراک سے زلمی ویمن لیگ سیزن 2 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے مخصوص یہ ایونٹ 27 نومبر سے یکم دسمبر 2025 تک ہوگا، جو گزشتہ سال منعقد ہونے والے پہلے سیزن کی شاندار کامیابی کے بعد ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
اس سال کے ایڈیشن میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا اور ڈی جی اسپورٹس بھی بھرپور معاونت فراہم کریں گے، جو خواتین کو کھیلوں میں مساوی مواقع اور پیشہ ورانہ ترقی دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
زلمی ویمن لیگ کا پہلا سیزن خیبر پختونخوا کی پہلی باقاعدہ خواتین کرکٹ لیگ کے طور پر قومی سطح پر نمایاں ہوا تھا، جس نے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے اور علاقائی کرکٹ کے معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ گزشتہ سیزن کی چیمپئن ٹیم پشاور آل اسٹارز اس بار اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
چیئرمین پشاور زلمی و زلمی فاؤنڈیشن، جاوید آفریدی نے خواتین کرکٹ میں ہونے والی نئی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن صنفی مساوات اور نوجوانوں کی بااختیاری کے مشن پر مسلسل گامزن ہے۔
یو فون 4G اور یو این ویمن کے تعاون سے سیزن 2 خواتین کو پائیدار مواقع فراہم کرنے اور کھیلوں میں ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا، جبکہ حکومتِ خیبر پختونخوا ایونٹ کے طویل المدتی استحکام کے لیے سہولیات اور حکمتِ عملی پر مبنی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
زلمی ویمن لیگ سیزن 2 خیبر پختونخوا بھر سے باصلاحیت کرکٹرز کو مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کھیلوں کی ترقی کے مشن کو آگے بڑھائیں گی۔