ڈیرہ اسماعیل خان، تحصیل پنیالہ کے علاقے وانڈھا مدد میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول شدید انتظامی غفلت کا شکار ہو گیا ہے۔ صبح 8 بج کر 10 منٹ تک نہ چوکیدار موجود تھا اور نہ ہی کوئی تدریسی عملہ اسکول پہنچا، جس کے باعث درجنوں طالبات گیٹ پر کھڑی مایوسی کے ساتھ واپس گھروں کو لوٹ گئیں۔
علاقہ مکینوں اور والدین کے مطابق سکول میں عملے کی کمی ایک مستقل مسئلہ بن چکا ہے۔ اکثر دنوں میں تدریسی عملہ موجود نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے طالبات کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بچیوں نے سکول انتظامیہ کی لاپرواہی کے خلاف احتجاج بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں تعلیم سے محروم نہ کیا جائے۔
والدین نے ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر کوئی جواب نہ مل سکا۔
اس صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن پہاڑپور ڈاکٹر محمد حمید صدیق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ونڈھا مدد اس وقت چوکیدار اور معاون عملے کے بغیر چل رہا ہے، جس سے سیکیورٹی اور روزمرہ سکول امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ڈی ای او کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد سکول کا دورہ کریں اور عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں، تاکہ طالبات کو ایک محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔