ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
مسلم لیگ ن ضلع خیبر کا اختیار ولی کے الزامات مسترد، معافی اور قیادت سے نوٹس لینے کا مطالبہ Home / خیبر پختونخوا,سیاست,قبائلی اضلاع /

مسلم لیگ ن ضلع خیبر کا اختیار ولی کے الزامات مسترد، معافی اور قیادت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

سپر ایڈمن - 24/11/2025 235
مسلم لیگ ن ضلع خیبر کا اختیار ولی کے الزامات مسترد، معافی اور قیادت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خیبر کی قیادت نے وزیراعظم کے کوارڈینیٹر اختیار ولی کی جانب سے قبائلی عوام کے بارے میں دیے گئے بےبنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے فوری معافی اور پارٹی قیادت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ضلع خیبر کے صدر اصغر خان آفریدی، صوبائی نائب صدر حاجی ظاہر شاہ آفریدی، سابقہ فاٹا صدر فقیر محمد آفریدی، ایم پی اے الحاج شفیق شیر آفریدی، جنرل سیکرٹری ساجد آفریدی، صدر لنڈی کوتل قاضی محیب آفریدی، صدر تحصیل باڑہ عابد فیض آفریدی اور جنرل سیکرٹری احسان آفریدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اختیار ولی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے عوام میں نفرت اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی، جس کی پارٹی قیادت کسی صورت تائید نہیں کرتی۔

 

مسلم لیگ ن ضلع خیبر کے ترجمان نے ردعمل میں کہا کہ اختیار ولی کی بے لگام گفتگو اور من گھڑت الزامات کسی بھی سنجیدہ سیاسی کارکن کے رویے کے مطابق نہیں۔ ترجمان کے مطابق ایک پوری برادری پر بلاجواز تنقید کرنا افسوسناک اور غیر اخلاقی طرزِ عمل ہے۔

 

ترجمان نے مزید کہا کہ اگر اختیار ولی کو اختلاف ہے تو وہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی یا پالیسیوں پر تنقید کریں، یہ ان کا سیاسی حق ہے، لیکن کسی قوم یا برادری کو نشانہ بنانا ہرگز قابل قبول نہیں۔

مسلم لیگ ن ضلع خیبر نے اختیار ولی کے متنازعہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے غیر سنجیدہ اور بے بنیاد بیان پر عوام سے معافی مانگیں، کیونکہ ایسے بیانات نہ صرف حقیقت کے منافی ہیں بلکہ سیاسی ماحول کو بھی خراب کرتے ہیں۔

 

آخر میں پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف اور صوبائی صدر انجینئر امیر مقام سے مطالبہ کیا کہ وہ اختیار ولی کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر فوری نوٹس لیں اور ایسے بیانات کی حوصلہ شکنی کریں جو عوامی تقسیم اور انتشار کا باعث بنتے ہیں۔

تازہ ترین