صوبائی دارالحکومت پشاور کے صدر مین روڈ پر واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے مین گیٹ پر مبینہ خودکش دھماکا ہوا جس کے بعد چند دہشتگرد اندر داخل ہوگئے، سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، دھماکے کے فوراً بعد متعدد دہشتگرد ایف سی ہیڈکوارٹر کے احاطے میں گھس گئے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اندر سے مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جبکہ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ حملے کے بعد سنہری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور اضافی سیکیورٹی فورسز کی نفری موقع پر پہنچ چکی ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے شہریوں کو راستے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واقعہ کی مزید تفصیلات کے لئے تحقیقات جاری ہے۔