وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد جلسے کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ترجمان وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کا پیغام مکمل طور پر واضح تھا کہ الیکشن میں مداخلت پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابات میں مداخلت کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعلیٰ نے صرف اسی قانونی حقیقت کی نشاندہی کی تھی۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کے دوران کسی بھی غیرقانونی عمل کی صورت میں فوری اور مناسب قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے کسی بھی شخص کو دھمکی نہیں دی، بات صرف قانون کے نفاذ اور اس کی بالا دستی کو یقینی بنانے کی تھی۔ ایماندار اور دیانت دار افسران مکمل تحفظ میں ہیں، جبکہ صرف قانون توڑنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کے بیان کو جان بوجھ کر غلط رنگ دینا محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے۔ صوبائی حکومت ہر قیمت پر شفاف، غیرجانبدارانہ اور منصفانہ ضمنی انتخابات یقینی بنائے گی۔