ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
صوابی: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ میں اسکالرشپس کا اعلان، فیکلٹی اپارٹمنٹس کا افتتاح Home / تعلیم,خیبر پختونخوا,سیاست /

صوابی: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ میں اسکالرشپس کا اعلان، فیکلٹی اپارٹمنٹس کا افتتاح

سپر ایڈمن - 19/11/2025 75
صوابی: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ میں اسکالرشپس کا اعلان، فیکلٹی اپارٹمنٹس کا افتتاح

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ (GIKI) صوابی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں تعمیر شدہ نئے فیکلٹی اپارٹمنٹس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے 20 خصوصی اسکالرشپس دینے کا اعلان بھی کیا۔

 

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر اُس طالبعلم کے ساتھ کھڑی ہے جسے مدد کی ضرورت ہو، خیبر پختونخوا میں کوئی بچہ مالی مشکلات کے باعث تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا۔ جب بھی طلبہ کو ضرورت پڑی، عمران خان کی صوبائی حکومت ان کی مدد کے لیے حاضر ہوگی۔

 

انہوں نے طلبہ کو نئے آئیڈیاز سامنے لانے کی ترغیب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت بھرپور سپورٹ فراہم کرے گی۔ دیگر صوبوں سے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “آپ ہمارے مہمان ہیں، اس ادارے کو اپنا گھر سمجھیں۔”

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مضبوط ادارے ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہوتے ہیں، اس لیے اداروں کو مستحکم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ جی آئی کے انسٹیٹیوٹ قومی یکجہتی کی ایک عملی مثال بن چکا ہے۔

مزید برآں، انہوں نے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں 500 طالبات کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جی آئی کے کے گریجویٹس پوری دنیا میں پاکستان کا نام فخر سے روشن کر رہے ہیں، جو ادارے اور صوبے دونوں کے لیے باعث اعزاز ہے۔

تازہ ترین