صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ میں مالی بے ضابطگیوں اور تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو دو ہفتوں کے اندر جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیرتعلیم نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں ناقص مٹیریل کا استعمال اور مالی بے قاعدگیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ارشد ایوب خان نے مانیٹرنگ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ میں شامل تمام سکولوں کا فوری معائنہ کیا جائے، تعمیراتی کام کے معیار اور مالی حساب کتاب کی مکمل جانچ کر کے دو ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔ پراجیکٹ کی تحقیقات ایجوکیشن مانیٹرنگ ٹیم کے ساتھ ساتھ صوبائی پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی مانیٹرنگ ٹیم بھی انجام دے گی۔
انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ رپورٹس کی بنیاد پر سخت ایکشن لیا جائے گا، میرٹ و شفافیت ہماری ترجیح ہے، اس لیے کسی قسم کی کوتاہی، غلطی یا بے احتیاطی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے تمام جاری تعلیمی منصوبوں کی سخت ترین نگرانی اور معیاری تعمیراتی کام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔