ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کانووکیشن کا انعقاد، دینی و دنیاوی تعلیم کو بھرپور پذیرائی Home / تعلیم,خیبر پختونخوا /

جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کانووکیشن کا انعقاد، دینی و دنیاوی تعلیم کو بھرپور پذیرائی

سپر ایڈمن - 18/11/2025 285
جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کانووکیشن کا انعقاد، دینی و دنیاوی تعلیم کو بھرپور پذیرائی

جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ جات کے 52 طلبہ کو اسناد جبکہ دو نمایاں طلبہ عبدالباسط اور محمد ابوبکر کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ تقریب میں اساتذہ، والدین اور مہمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی تھے، جنہوں نے جامعہ عثمانیہ کے تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور دینی و دنیاوی علوم کے امتزاج کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “میں نے یہاں عالمی معیار کے مطابق ڈسپلن دیکھا ہے۔ جامعہ عثمانیہ کے طلبہ کسی بھی معیاری یونیورسٹی کے طلبہ سے کم نہیں۔ کم فیسوں میں معیاری ڈگری فراہم کرنا واقعی قابلِ قدر خدمت ہے۔” انہوں نے طلبہ کو ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں کے حصول کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

جامعہ عثمانیہ کے مہتمم مفتی غلام الرحمٰن اور ناظمِ تعلیمات مولانا حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ درسِ نظامی کے ساتھ بی ایس پروگرام کی پیشکش ادارے کا نمایاں امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود دور کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو دینی و دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، خصوصاً جامعہ میں مختلف نوعیت کے سوالات کے جوابات کے لیے جدید علوم سے واقفیت انتہائی ضروری ہے۔

 

تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد اور اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ ادارے کے اس تعلیمی ماڈل کو شرکاء نے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

تازہ ترین