کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملک میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کے روز فی تولہ سونا 7 ہزار روپے کی کمی سے 4 لاکھ 23 ہزار 662 روپے پر آگیا، جبکہ 10 گرام سونا 6 ہزار 2 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 63 ہزار 221 روپے کا ہو گیا۔ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سونے کی قیمت بڑھنے کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں طلب میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہے۔ عالمی سطح پر جیو پولیٹیکل خطرات، کساد بازاری، اور مرکزی بینکوں کی خریداری میں اضافہ بھی قیمت میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہیں۔
عالمی مالیاتی ادارے مورگن اسٹینلی نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سالوں میں سونے کی قیمت نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہے اور 2026 کے وسط تک فی اونس سونا 4,500 ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) اور مرکزی بینکوں کی جانب سے خریداری جاری ہے، جبکہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خریدنے پر مجبور کر رہی ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ سونے کی حالیہ تیزی نے اسے ’’اوور بوٹ‘‘ زون میں پہنچایا تھا، تاہم بعد میں معمولی کمی سے مارکیٹ کی پوزیشننگ بہتر ہوئی ہے۔ شرح سود میں ممکنہ کمی کے باعث گولڈ بیکڈ ای ٹی ایف میں مزید سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ مرکزی بینکوں کی خریداری بھی برقرار رہے گی۔
