ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
سمارٹ سٹی منصوبہ: ٹریفک، صفائی، پانی اور پارکس کے لیے جامع حکمت عملی تیار Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

سمارٹ سٹی منصوبہ: ٹریفک، صفائی، پانی اور پارکس کے لیے جامع حکمت عملی تیار

سپر ایڈمن - 18/11/2025 195
سمارٹ سٹی منصوبہ: ٹریفک، صفائی، پانی اور پارکس کے لیے جامع حکمت عملی تیار

وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت پشاور سمارٹ سٹی منصوبے پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور سے منتخب ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات، تعمیرات و مواصلات، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموں نے پشاور کو سمارٹ سٹی بنانے کے لیے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

اجلاس میں صفائی، نکاسی آب، پینے کے پانی، سڑکوں، پارکس اور دیگر سمارٹ سکیموں پر غور کیا گیا۔ شہر میں ٹریفک، صفائی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے غیر قانونی سبزی منڈیوں کی فوری منتقلی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سلاٹر ہاؤس اور قبرستانوں کے لیے اراکین اسمبلی اپنی تجاویز جمع کرائیں گے۔

 

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے غیر فعال ٹیوب ویلز کو دوبارہ فعال کرنے کا پروپوزل سیکرٹری بلدیات کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی پارک میں اوپن ایئر جم نہیں لگایا جائے گا اور پشاور کے کسی پارک کو بغیر فیس سروس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

اراکین اسمبلی کی تجاویز کو موقع پر ہی سمارٹ سٹی پلان میں شامل کر لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ "پشاور تمام پشتونوں کا گھر ہے، اسے عظیم بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔"

 

انہوں نے مزید کہا کہ جون 2026 تک پشاور میں نمایاں ترقی کے اثرات نظر آئیں گے، اور فارم 45 سے منتخب ایم این ایز و ایم پی ایز کی تجاویز کو سنجیدگی سے شامل کیا جائے گا۔ مینا خان آفریدی نے تمام سکیموں کی لسٹنگ، ڈیزائننگ اور فزیبلٹی جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

 

وزیر بلدیات کے مطابق سمارٹ سٹی منصوبہ پشاور کی شہری زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی لائے گا۔

تازہ ترین