ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہوگا، جہاں افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز ہوئی جس میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے کپتانوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سیریز میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایونٹ میں نئے کھلاڑیوں کو بھرپور موقع دینے کی کوشش کریں گے۔ سلمان آغا کے مطابق ٹیم کے پاس ایسے آل راؤنڈرز موجود ہیں جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم کا ہدف فائنل تک رسائی ہے، جبکہ سری لنکن کپتان دسون شناکا کے مطابق ان کی ٹیم ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
ادھر سری لنکن کیمپ سے ناخوشگوار خبر سامنے آئی ہے، جہاں ٹیم کے دو اہم کھلاڑی بیماری کے باعث سیریز میں شرکت کیے بغیر ہی وطن واپس روانہ ہوگئے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کپتان چریتھ اسالنکا اور فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کی وطن واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔
ایونٹ میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے ایک دوسرے کے خلاف بھرپور مقابلہ کریں گی۔