ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کن بیماریوں میں مبتلا افراد کے حج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے؟ Home / بین الاقوامی,قومی /

کن بیماریوں میں مبتلا افراد کے حج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے؟

سپر ایڈمن - 17/11/2025 423
کن بیماریوں میں مبتلا افراد کے حج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے؟

سعودی حکومت نے آئندہ سال حج کی ادائیگی کے لیے سخت طبّی شرائط کا اعلان کرتے ہوئے متعدد دائمی اور متعدی بیماریوں میں مبتلا افراد کے حج پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ فیصلے سعودی وزارتِ صحت کی نئی ہدایات کے تحت کئے گئے ہیں، جن کا مقصد بڑے اجتماعات میں صحت عامہ کو محفوظ رکھنا ہے۔

 

سرکاری نوٹس کے مطابق ایسے مریض جو گردوں کی خرابی کے باعث ڈائیلاسس کے محتاج ہوں، دل کے امراض کے سبب معمولی جسمانی مشقت بھی برداشت نہ کر سکتے ہوں، یا جنہیں پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مستقل یا وقفے وقفے سے آکسیجن کی ضرورت ہو، وہ حج کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ اسی طرح جگر کی ناکامی، سیروسس، اور دیگر شدید دائمی بیماریاں بھی فہرست میں شامل ہیں۔

 

اعصابی یا دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد، جیسے ڈیمینشیا، یادداشت کی شدید کمزوری، الزائمر اور شدید جسمانی معذوری والے مریضوں کو بھی حج کی اجازت نہیں ہو گی۔ حاملہ خواتین جن کا حمل آخری مرحلے میں ہو یا پیچیدگیوں کا شکار ہو، وہ بھی اس پابندی کی زد میں آئیں گی۔

 

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ متعدی بیماریاں، مثلاً کالی کھانسی، اوپن پلمونری تپ دق (ٹی بی)، اور وائرل ہیمرجک فیور، بڑے اجتماعات کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے ان امراض میں مبتلا افراد کی شرکت مکمل طور پر ممنوع ہو گی۔

 

فہرست میں کینسر کے آخری مرحلے کے مریض اور وہ افراد بھی شامل ہیں جو کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی یا بائیولوجیکل علاج سے گزر رہے ہوں۔

 

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام عازمین کی مکمل طبّی جانچ کے بعد ہی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کریں، بصورتِ دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت نے خبردار کیا کہ غلط یا جعلی طبی معلومات فراہم کرنے والے عازمین کو سعودی عرب سے اپنے خرچ پر واپس بھیجا جا سکتا ہے۔

 

نوٹس کے مطابق حج کیمپوں میں موجود میڈیکل افسران کو اختیار ہو گا کہ اگر کسی فرد میں مذکورہ بیماریوں کی نشاندہی ہو جائے تو اسے سفر سے روک دیا جائے۔ سعودی مانیٹرنگ ٹیمیں حج کے داخلی و خارجی راستوں پر فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ بھی کریں گی۔

تازہ ترین