سٹیٹ بینک آف پاکستان نے حج 2026 کے لیے واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے میں سہولت فراہم کرنے کی خاطر ملک بھر میں مخصوص بینک برانچیں آج (ہفتہ) کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس بی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ وزارت مذہبی امور کی درخواست پر تمام نامزد برانچیں صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے 30 منٹ تک کھلی رہیں گی، تاکہ متوقع عازمین حج مقررہ وقت میں اپنی ادائیگی مکمل کر سکیں۔
قبل ازیں 9 نومبر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2026 کے معاہدے پر باضابطہ دستخط کئے گئے تھے۔ دستخط کی تقریب جدہ میں ہوئی، جس میں سعودی نائب وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط اور پاکستان کے سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمٰن نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے مہمانانِ الٰہی کے لیے سعودی حکومت کی میزبانی اور سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی پاکستانی حجاج کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے انتظامات سعودی ہدایات کے مطابق بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان دنیا بھر میں سب سے بڑے حج کوٹے رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں سے ہر سال ہزاروں عازمین فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں۔
