ملک بھر میں سونے کی قیمت ایک بار پھر آسمان کو چھونے لگی ہے۔ صرف ایک دن قبل معمولی کمی کے بعد جمعرات کے روز سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 8 ہزار 300 روپے کے اضافے سے بڑھ کر 4 لاکھ 43 ہزار 62 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونا بھی 7 ہزار 116 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 79 ہزار 854 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 83 ڈالر کے اضافے سے بڑھ کر 4 ہزار 207 ڈالر تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی 228 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 662 روپے اور 10 گرام چاندی 196 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 854 روپے تک پہنچ گئی۔ عالمی منڈی میں فی اونس چاندی کی قیمت 54 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
