ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
افغانستان میں دہشت گردوں کی جدید اسلحے تک رسائی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان Home / قومی /

افغانستان میں دہشت گردوں کی جدید اسلحے تک رسائی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان

سپر ایڈمن - 11/11/2025 216
افغانستان میں دہشت گردوں کی جدید اسلحے تک رسائی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان

پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہوں کو جدید اور غیر قانونی اسلحے تک رسائی کو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان میں جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر کی موجودگی نہ صرف خطے بلکہ پڑوسی ممالک کے لیے بھی براہ راست خطرہ ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد گروہ افغانستان سے کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں، اور مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ اسلحہ دہشتگردی کے مقاصد کے لیے ہمسایہ ممالک میں سمگل کیا جا رہا ہے۔ عاصم افتخار کے مطابق پاکستان-افغان سرحد سے حالیہ عرصے میں پکڑا گیا اسلحہ انہی ذخائر سے منسلک ہے جو غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

 

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ داعش، تحریک طالبان پاکستان (TTP)، بلوچ لبریشن آرمی (BLA) اور مجید بریگیڈ جیسے دہشتگرد گروہ انہی جدید ہتھیاروں کو پاکستان کے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

 

عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشتگرد گروہوں کی اسلحے تک رسائی روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے، اور افغان عبوری حکام کو پابند بنائے کہ وہ اپنے بین الاقوامی وعدوں اور ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری کریں۔

تازہ ترین