محکمہ موسمیات پاکستان نے موسم کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور چترال میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ سوات اور دیر کے پہاڑی علاقوں میں صبح و شام کے اوقات میں دھند اور ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی ہے۔
اسلام آباد میں موسم خشک اور قدرے سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری اور گلیات سمیت بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جب کہ رات کے اوقات میں بعض مقامات پر ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔ سموگ کے باعث شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل سواروں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم بعض علاقوں میں رات کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
