پشاور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ قیدی کو اپنی بی ایس میتھس کی ڈگری مکمل کرنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ عدالت نے متاثرہ طالب علم کے لیے خصوصی امتحان کے انعقاد کے احکامات جاری کیے ہیں۔
سزا یافتہ قیدی ثقلین حیدر، جو آئی ایس ایف کے کارکن ہیں، 9 سال قید کی سزا پا چکے ہیں۔ گرفتاری کے وقت وہ بنوں یونیورسٹی میں بی ایس میتھس کے طالب علم تھے اور ان کی نامکمل ڈگری 31 دسمبر 2025 کو منسوخ ہونے کے خطرے سے دوچار تھی۔
ثقلین حیدر نے اپنی تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لیے یونیورسٹی سے خصوصی امتحان کی اجازت طلب کی، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔ بعد ازاں، انہوں نے سینئر وکیل محمد سلیم اعوان کی مدد سے پشاور ہائیکورٹ، بنوں بنچ سے رجوع کیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد بنوں یونیورسٹی کو تین دن کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تاکہ 31 دسمبر 2025 سے قبل قیدی طالب علم کے لیے خصوصی امتحان کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور اس کی ڈگری ضائع نہ ہو۔