ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 پر غور Home / خیبر پختونخوا,سیاست,عوام کی آواز /

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 پر غور

سپر ایڈمن - 08/11/2025 413
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 پر غور

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 سے متعلق قوانین اور ان کے اطلاق پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

 

اجلاس میں وزیر قانون آفتاب عالم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہوم اور ایڈووکیٹ جنرل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہر قانون کے مثبت اور منفی پہلو ہوتے ہیں، تاہم صوبائی حکومت کسی بھی قانون کو سیاسی دباؤ یا انتقامی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن عوامی سہولت اور احتجاج کے حق میں توازن پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک نئے لائحہ عمل کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے دوران شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے قوانین کو مزید بہتر اور عوام دوست بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے وزیر قانون آفتاب عالم کی زیر نگرانی ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مجوزہ قوانین میں اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے تمام نکات قوانین سے نکالے جائیں جن سے سیاسی وکٹمائزیشن یا غلط استعمال کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد صرف عوامی مفاد، فلاح اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

 

سہیل آفریدی نے زور دیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قانون سازی اسی اصول کے تحت کی جائے گی۔

تازہ ترین