ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر: جمرود میں ٹول پلازہ قیام اور ٹیکس کے خلاف احتجاجی دھرنا، طورخم بارڈر کھولنے کا مطالبہ Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

خیبر: جمرود میں ٹول پلازہ قیام اور ٹیکس کے خلاف احتجاجی دھرنا، طورخم بارڈر کھولنے کا مطالبہ

سپر ایڈمن - 08/11/2025 53
خیبر: جمرود میں ٹول پلازہ  قیام اور ٹیکس کے خلاف احتجاجی دھرنا، طورخم بارڈر کھولنے کا مطالبہ

ضلع خیبر میں سیاسی اتحاد اور قومی مشران نے پاک افغان شاہراہ جمرود کٹہ کشتہ کے مقام پر این ایچ اے کی جانب سے ٹول پلازہ کے قیام کے خلاف باچا خان چوک میں احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ٹول پلازہ کو مکمل طور پر نامنظور قرار دیتے ہوئے ہر قسم کے ٹیکسز مسترد کر دیے۔

 

دھرنے میں تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری، امیر جماعت اسلامی مراد حسین آفریدی، ملک ماثل خان شینواری، قاری نظیم گل شینواری، اختر علی شینواری سمیت قومی مشران اور بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاک افغان شاہراہ پر ٹول پلازہ ختم کیا جائے اور طورخم بارڈر کو تجارتی سرگرمیوں اور پیدل آمدورفت کے لیے فوری طور پر کھولا جائے۔

 

شرکاء نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جرگہ تشکیل دیا جائے، کیونکہ ماضی میں بھی مقامی مشران نے اسی طریقے سے تنازعات حل کئے تھے۔

 

ادھر سرحدی حکام کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے طورخم بارڈر آج آٹھویں روز بھی کھلا رہا۔ 7 نومبر کو 2 ہزار 251 افغان شہری، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، نادرا امیگریشن سینٹر میں اندراج کے بعد افغانستان واپس روانہ ہوئے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران مجموعی طور پر 35 ہزار 240 افغان مہاجرین وطن واپس جا چکے ہیں۔ تاہم عام آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں تاحال بند ہیں اور انسانی بنیادوں پر واپسی کا عمل جاری ہے۔

تازہ ترین