خیبر کے علاقے باڑہ میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ باڑہ کی حدود ملک دین خیل کے نواحی علاقے نالہ میں پیش آیا جہاں ایک گھر کے اندر اچانک ہینڈ گرنیڈ پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں 60 سالہ دولت ولد خان میر، 39 سالہ رحمت اللہ ولد گلستان اور 37 سالہ ہارون ولد گل مت شاہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 سالہ حبیب اللہ شدید زخمی ہوا جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا۔
ڈوگرہ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عالمگیر کے مطابق زخمی کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ باڑہ نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
آزاد ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک حاضر سروس پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔