ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اسلام آباد: فوک فیسٹیول آف پاکستان میں خیبرپختونخوا پویلین سج گیا، ثقافتی رنگوں کی بہار Home / خیبر پختونخوا,قومی /

اسلام آباد: فوک فیسٹیول آف پاکستان میں خیبرپختونخوا پویلین سج گیا، ثقافتی رنگوں کی بہار

سپر ایڈمن - 08/11/2025 120
اسلام آباد: فوک فیسٹیول آف پاکستان میں خیبرپختونخوا پویلین سج گیا، ثقافتی رنگوں کی بہار

اسلام آباد میں نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیر اہتمام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) میں جاری فوک فیسٹیول آف پاکستان (لوک میلہ) میں خیبرپختونخوا کی ثقافت نے اپنی دلکشی سے سب کو متاثر کر دیا۔

 

10 روزہ ثقافتی میلہ 7 نومبر سے شروع ہوا ہے جو 16 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس سال کے میلے کا موضوع “یکجہتی کے رنگ، لوک ورثہ کے سنگ” رکھا گیا ہے جس کا مقصد قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

 

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے قائم کئے گئے خیبرپختونخوا پویلین میں صوبے کی ثقافت، ہنر اور روایات کی بھرپور نمائندگی کی جا رہی ہے۔ پویلین میں 30 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں موزیک آرٹ، سلام پور شال، مغل آرٹ، چترالی مصنوعات، مٹی کے برتن، جناح کیپ، چارسدہ چپل، لکڑی کا کام، کنڈی آرٹ، ہینڈی کرافٹس، اور ریشمی اشیاء شامل ہیں۔

 

پویلین میں محکمہ جیل خانہ جات خیبرپختونخوا کے قیدیوں کے ہاتھوں سے بنی اشیاء اور خصوصی افراد کی تیار کردہ دستکاریاں بھی نمایاں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ثقافتی رنگوں میں مزید اضافہ پختون روایتی کھانوں نے کیا ہے، جن میں چپلی کباب، پلاؤ، تکہ بوٹی، چکن بوٹی، اور پینڈا صوبت شامل ہیں۔

 

میلے کے دوران خٹک ڈانس، کیلاشی ڈانس اور رباب کی دلکش دھنوں نے شرکاء کو محظوظ کر رکھا ہے، جبکہ پختون حجرہ، قصہ خوانی بازار کی طرز پر قائم قہوہ خانہ، اور روایتی لباس و موسیقی صوبے کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کر رہے ہیں۔

 

میلے میں پاکستان کے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے خصوصی پویلینز بھی شامل ہیں، جو ملک کی ثقافتی یکجہتی اور تنوع کی خوبصورت عکاسی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین