پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 12 نومبر کو منعقد ہونے والے صوبائی سطح کے بڑے امن جرگے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کے وفد نے پشاور پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔
وفد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع اللہ جان، سابق صوبائی وزیر کامران بنگش اور دیگر رہنما شامل تھے۔ شفیع اللہ جان نے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ پیش کیا۔
شفیع اللہ جان کا کہنا تھا کہ 12 نومبر کو خیبرپختونخوا کی تاریخ کا ایک بڑا آئینی اور قانونی جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرگے میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جن میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، اے این پی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین، اور جماعت اسلامی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ میڈیا امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس جرگے میں شریک ہوں تاکہ صوبے میں پائیدار امن اور سیاسی استحکام کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔