احسان اللہ خٹک
بنوں ، تھانہ کینٹ کی حدود سے دو ماہ قبل دوران ڈیوٹی اغوا کئے گئے واپڈا پیسکو کے پانچ ملازمین بالآخر بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ آئے۔ رہائی کے بعد مغوی ملازمین کو واپڈا کالونی پہنچایا گیا جہاں ساتھی ملازمین اور یونین عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ہار پہنائے اور خوشی کا اظہار کیا۔ رہائی کی خوشی میں واپڈا اہلکاروں نے نوافل بھی ادا کئے۔
یاد رہے کہ نامعلوم اغوا کاروں نے پانچوں ملازمین کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ اس حوالے سے واپڈا پیسکو ملازمین نے چندہ مہم چلا کر رقم جمع کی تھی، تاہم رہائی کے بعد واپس آنے والے ملازمین نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔
واپڈا ہائیڈرو یونین کے زونل چیئرمین پیر اشفاق خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونین نے ہر فورم پر اپنے ساتھیوں کی بازیابی کے لیے آواز اٹھائی۔ ان کے مطابق تاوان کے مطالبے کے بعد ملازمین نے چندہ مہم کے ذریعے رقم جمع کی، تاہم یہ رقم اب تک کسی کے حوالے نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بحفاظت واپسی سب کے لیے باعث اطمینان ہے اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کریں گے۔