ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
باجوڑ: اٹلی سے واپس آنے والا نوجوان باپ کی فائرنگ سے جاں بحق Home / جرائم,عوام کی آواز /

باجوڑ: اٹلی سے واپس آنے والا نوجوان باپ کی فائرنگ سے جاں بحق

 باجوڑ: اٹلی سے واپس آنے والا نوجوان باپ کی فائرنگ سے جاں بحق

مصباح الدین اتمانی

 

باجوڑ، اٹلی سے پاکستان آنے والا نوجوان ضیاءالدین اپنے والد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی نماز جنازہ آج صبح نو بجے تحصیل ماموند، باجوڑ میں ادا کی گئی۔ ضیاءالدین آئندہ ہفتے واپس اٹلی جانے والا تھا۔

 

خاندانی ذرائع کے مطابق ضیاءالدین پانچ بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ ابتدائی تعلیم کے بعد وہ کم عمری میں فرانس گیا اور بعد ازاں اٹلی منتقل ہو گیا، جہاں اسے شہریت حاصل ہوئی۔ اس کے کزن میرامان خان نے ٹی این این کو بتایا کہ وہ مارچ 2025 میں آؤٹ پاس پر پاکستان واپس آیا تھا کیونکہ اس نے قانونی عمل مکمل ہونے کا انتظار نہیں کیا۔ اپریل میں اس کی شادی ہوئی، تاہم چند ماہ بعد مالی معاملات پر والدین سے اختلافات شروع ہو گئے۔

 

ذرائع کے مطابق ضیاءالدین پچھلے دو مہینے سے واپس اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پاکستانی حکام نے اسے 25 اکتوبر اور یکم نومبر کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے آؤٹ پاس کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس دوران اس نے والدین سے الگ رہائش اختیار کر لی تھی۔

 

کزن میرامان خان کے مطابق جمعرات کے روز معمولی تکرار کے بعد ضیاءالدین اپنے والد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ ان کے بقول تین دن قبل ضیاءالدین سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں اس نے بتایا تھا کہ کاغذات کا معمولی مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور وہ واپس اٹلی چلا جائے گا۔

 

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ضیاءالدین کی ہلاکت پر علاقے میں افسوس کی فضا پائی جاتی ہے۔

تازہ ترین