ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بڈھ بیر پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ، باڑہ سیاسی اتحاد اور عمائدین کا ردعمل Home / جرائم,عوام کی آواز /

بڈھ بیر پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ، باڑہ سیاسی اتحاد اور عمائدین کا ردعمل

سپر ایڈمن - 07/11/2025 308
بڈھ بیر پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ،  باڑہ سیاسی اتحاد اور عمائدین کا ردعمل

خیبر ، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے الزام عائد کیا ہے کہ تھانہ بڈھ بیر میں انضمام ولد اسرار آفریدی کو مبینہ طور پر ٹارچر سیل میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔

 

ہاشم خان آفریدی کے مطابق انضمام آفریدی کو دو ہفتے قبل اپنے بھائی سمیت شیخان میں واقع گھر سے بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ بعد میں ان کے بھائی کو رہا کر دیا گیا جبکہ انضمام آفریدی کو تھانے میں رکھا گیا، جہاں انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور آخرکار ٹارچر سیل میں جاں بحق کر دیا گیا۔

 

انہوں نے اس واقعے کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انضمام آفریدی کسی مقدمے میں مطلوب تھے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جاتا، سزا و جزا کا اختیار صرف عدالت کو حاصل ہے۔

 

ہاشم خان آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر کل تک اس واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو باڑہ سیاسی اتحاد کے زیر سایہ احتجاجی مظاہروں کا آغاز کیا جائے گا۔

 

واقعے پر رکن قومی اسمبلی حاجی محمد اقبال آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سی سی پی او پشاور سے رابطے میں ہیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی حاصل کی گئی ہے۔

 

 کاروباری شخصیت حاجی معروف خان آفریدی، جماعت اسلامی باڑہ کے امیر خان ولی آفریدی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ایسا ظلم ناقابل قبول ہے اور اس سے آفریدی قبائل اور پشاور کے عوام کے درمیان دوریاں پیدا ہونگی۔

 

دوسری جانب تھانہ بڈھ بیر پولیس سے اس واقعے کے حوالے سے مؤقف جاننے کی متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم رابطہ نہیں ہو سکا۔

تازہ ترین