افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے طورخم بارڈر آج ساتویں روز بھی کھلا رہا۔ سرحدی حکام کے مطابق گزشتہ روز، 6 نومبر کو 3 ہزار 863 افغان شہری، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، نادرا امیگریشن سینٹر میں اندراج کے بعد افغانستان واپس روانہ ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ دنوں کے دوران مجموعی طور پر 32 ہزار 989 افغان مہاجرین پاکستان سے اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، جن میں بزرگوں اور کم عمر بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق مہاجرین پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے افغانستان جا رہے ہیں، جبکہ واپسی کا سلسلہ روزانہ صبح سے رات گئے تک جاری رہتا ہے۔
دوسری جانب طورخم بارڈر عام آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے تاحال بند ہے، تاہم انسانی بنیادوں پر افغان شہریوں کی واپسی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا ہے۔