ٹانک، گزشتہ شب گاؤں داؤد خیل کی حدود شیخ اعظم خوڑہ میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل قیمت خان کی نماز جنازہ پولیس لائن ٹانک میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
جنازے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شبیر حسین شاہ، سیکیورٹی فورسز کے افسران، پولیس کے دیگر افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید کی میت پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ڈی پی او شبیر حسین شاہ اور دیگر افسران نے شہید کانسٹیبل قیمت خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع ٹانک سمیت ملک بھر سے شرپسندی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
افسران کے مطابق امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کے تحفظ و امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔