بنوں کے علاقے تھانہ کینٹ کی حدود ممند خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی ملک احسان اللہ خان سمیت10 پولیس اہلکار اور 4 عام شہری زخمی ہوئے جبکہ پولیس اہلکار عابد خان شہید ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
زخمی اہلکاروں میں سپاہی ارشاد خان، اسحاق خان، انوار خان، بصیر خان، خضرت علی، سجاد علی، عصمت اللہ، وحید اللہ، عبدالصمد، اور ڈی ایس پی ملک احسان اللہ خان شامل ہیں، جبکہ زخمی شہریوں میں لاجبار خان، مزمل خان، حسین الرحمن، اور ایک کم عمر بچی وہاج شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران چار شدت پسند ہلاک ہوئے، تاہم ان کے ساتھی مارے جانے اور زخمی دہشتگردوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد ریسکیو 1122 کی ایک ایمبولینس اور ایک شہری کو بھی یرغمال بنا کر لے گئے، جن کی تلاش اور بازیابی کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
واقعے کے بعد ممند خیل اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور آپریشنز کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار عابد خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
جنازے میں ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی انویسٹی گیشن ساجد ممتاز، پاک فوج کے افسران، کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس افسران، اہلکاروں اور شہید کے ورثاء سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار ہمارا بھائی ہے، ہم اپنے بھائی کا بدلہ ہر حال میں لیں گے۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز مزید تیز کردیے گئے ہیں۔ ایسے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں جنہوں نے ملک و امن کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔