ضلع بنوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہو گئی، تھانہ بکاخیل کی حدود میں بی ایچ یو میں بارودی مواد کے دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے بی ایچ یو میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا۔ 

 

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

 

دوسری جانب، تھانہ بکاخیل اور تھانہ کینٹ کی حدود علاقہ داودشاہ، معصوم آباد، خدری ممندخیل اور ممند خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جا رہا ہے، جس کے دوران پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ داودشاہ کے علاقے میں دہشتگرد وقتاً فوقتاً ناکہ بندیاں لگایا کرتے تھے اور گزرنے والوں کی باقاعدہ تلاشی لی جاتی تھی۔

 

اسی دوران، تھانہ کینٹ کی حدود پیپل داودشاہ سے ایک نوجوان کی قتل شدہ لاش برآمد ہوئی ہےجس کو  ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت خضر ولد نورگل سکنہ ممند خیل کے نام سے ہوئی ہے، جسے دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا