ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر : فاٹا انضمام مخالف لویہ جرگہ، قبائلی عوام پر زبردستی انضمام مسلط کیا گیا، تاریخی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ Home / خیبر پختونخوا,سیاست,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

خیبر : فاٹا انضمام مخالف لویہ جرگہ، قبائلی عوام پر زبردستی انضمام مسلط کیا گیا، تاریخی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ

سپر ایڈمن - 05/11/2025 428
خیبر : فاٹا انضمام مخالف لویہ جرگہ، قبائلی عوام پر زبردستی انضمام مسلط کیا گیا، تاریخی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ

خادم خان آفریدی 

 

ضلع خیبر میں فاٹا انضمام مخالف تحریک کے زیرِ اہتمام لویہ جرگہ کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف قبائلی اضلاع کے عمائدین، مشران اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ فاٹا کا انضمام قبائلی عوام کی مرضی کے بغیر کیا گیا، جو آئینی و تاریخی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1946 میں لنڈی کوتل میں برطانوی حکام نے قبائلی مشران کو واضح طور پر بتایا تھا کہ قبائل آزاد ہیں اور پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ ان کی مرضی پر ہوگا۔ تاہم، فاٹا کو بعد میں سیاسی مفادات کے تحت جبری طور پر ضم کیا گیا۔

 

اچکزئی نے کہا کہ فاٹا پاکستان کی آئینی طور پر پانچویں اکائی تھی، جسے غیر آئینی طور پر ختم کیا گیا۔ جب تک قبائلی عوام کی تاریخی شناخت، روایات اور سیاسی حیثیت بحال نہیں کی جاتی، ملک میں آئینی انصاف مکمل نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائل پاکستان کے وفادار اور محب وطن لوگ ہیں، لیکن ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ فاٹا انضمام نے قبائلی علاقوں کی ترقی روک دی ہے اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی و روزگار کے مواقع محدود کر دیے ہیں۔

 

جرگے سے فاٹا لویہ جرگہ کے صدر ملک بسم اللہ جان آفریدی، سیکرٹری جنرل اعظم خان محسود، اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ وادی تیراہ سمیت قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال سنگین ہے، اور عوام کو نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کی سابق حیثیت بحال کی جائے، علیحدہ صوبہ یا خودمختار کونسل قائم کی جائے، اور انضمام مخالف مقدمے کی فوری سماعت سپریم کورٹ میں کی جائے تاکہ قبائلی عوام کو ان کے مستقبل کے فیصلے میں شامل کیا جا سکے۔

تازہ ترین