ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبرپختونخوا میں صفائی مہم کے لیے 1.41 ارب روپے کے فنڈز جاری Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

خیبرپختونخوا میں صفائی مہم کے لیے 1.41 ارب روپے کے فنڈز جاری

سپر ایڈمن - 05/11/2025 223
خیبرپختونخوا میں صفائی مہم کے لیے 1.41 ارب روپے کے فنڈز جاری

   "پاک صاف پختونخوا"وژن کے تحت صوبے میں صفائی کے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صفائی پروگرام کے لیے متعلقہ حکام کو فنڈز جاری کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

 

اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ کے 12 اگست 2025 کے 36ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت کل 1414.628 ملین روپے بطور اضافی بجٹ گرانٹ ریلیز کئے گئے ہیں، جو اکتوبر تا دسمبر 2025 تک ویلج کونسلز میں صفائی مہم کے لیے استعمال ہوں گے۔

 

جاری فنڈز سے بھنگیوں کی تنخواہیں، لوڈر رکشوں کے ایندھن اور مرمت کے اخراجات ادا کئے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے ضلع پشاور کے لیے 127.113 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ رقم ہر ضلع کی ویلج کونسلز کے مخصوص بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

 

محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ ہر تین ماہ بعد فنڈز کے استعمال کی ایکچوول پراگرس رپورٹ پیش کرنے پر ہی آئندہ قسط جاری کی جائے گی۔

 

وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے عمل کو ویلج کونسل کی سطح تک لے جایا جا رہا ہے تاکہ نظام مؤثر اور شفاف ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے 28 بندوبستی اضلاع میں ویلج کونسلز کے ذریعے صفائی مہم جاری ہے۔

 

مینا خان آفریدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے کو حقیقی معنوں میں پاک صاف پختونخوا بنایا جا سکے۔

تازہ ترین