کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے نظم و ضبط، شفافیت اور احتساب کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے کارروائی کرتے ہوئے ضلع خیبر کے 14 پولیس اہلکاروں کو کرپشن، منشیات سمگلنگ اور غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہونے پر فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے احکامات پر معطل اہلکاروں کو پولیس لائنز ضلع خیبر رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ناقص سپرویژن اور ذمہ داریوں میں کوتاہی پر 4 ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، جبکہ ڈی پی او ضلع خیبر سے ایکسپلینیشن کال کرکے 7 روز کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا گیا ہے۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ ضلع خیبر پولیس میں کرپٹ اور بدعنوان اہلکاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ فورس میں صرف ایماندار، فرض شناس اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افسران و اہلکار ہی رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون نافذ کرنے کے عمل کو مزید شفاف، مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔