پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج فیصل آباد میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستانی کپتان بابراعظم اس میچ میں کئی عالمی اور ملکی ریکارڈز کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بابراعظم اگر اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوئے تو وہ معروف سابق اوپنر سعید انور کے برابر آ جائیں گے، جنہوں نے 244 اننگز میں 19 سنچریاں بنائی تھیں۔ بابراعظم اب تک 134 ون ڈے میچز کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔
بابراعظم اگر اس سیریز میں سنچری بناتے ہیں تو وہ عالمی سطح پر برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ جیسے بڑے ناموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔
دوسری جانب اگر وہ سنچری کے بجائے نصف سنچری سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 57ویں ففٹی پلس اننگز ہوگی، جس کے بعد وہ ویون رچرڈز کو پیچھے چھوڑ دیں گے اور سابق جنوبی افریقی کپتان گریم سمتھ، نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ، ناتھن ایسٹل اور مارٹن گپٹل کے برابر آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج دوپہر 3 بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔