بنوں کی تحصیل ڈومیل میں ہاتھی خیل کے قبائلی بزرگوں اور مشرانِ قوم نے ایک ہنگامی جرگہ منعقد کرتے ہوئے علاقے میں بدامنی پھیلانے والے شرپسند عناصر کے خلاف اجتماعی اقدام کا اعلان کیا ہے۔ جرگہ وزیر احمد زئی، کالو خیل اور سن خیل اقوام کے نمائندوں پر مشتمل تھا، جس میں سابق ناظم ڈومیل فدا محمد خان وزیر، چیئرمین اسرار خان وزیر، ملک شاہ کرام خان، سابق تحصیل کونسلر فدا اللہ خان وزیر، اکرام اللہ، مشرف عالمگیر، ملک شیراکبر خان اور سابق ایم پی او فخر اعظم وزیر سمیت دیگر عمائدین شریک تھے۔
جرگے کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ چاروں اقوام میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہر قوم سے 20 رکنی حفاظتی و نظم و نسق ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو مقامی سطح پر ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے امن قائم رکھنے میں کردار ادا کریں گی۔
عمائدین نے کہا کہ چند عناصر اسلام کے نام پر بدامنی پھیلا رہے ہیں، جو نہ صرف علاقے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ مذہب کی غلط تعبیر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ منبر و محراب سے واضح طور پر بدامنی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ ایسے عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے جو مذہب کے نام پر فتنہ برپا کر رہے ہیں۔
جرگے نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بروقت اور مؤثر کارروائی کرے اور ریاستی ادارے عوامی تعاون سے امن دشمن قوتوں کے خلاف آپریشنز کو مضبوط بنائیں۔
شرکاء نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی، ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون اور غیر قانونی مسلح کارروائیوں سے اجتناب ان کے اجتماعی عزم کے بنیادی اصول ہوں گے۔