ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے ٹاؤن شپ اور ڈومیل کے مختلف اقوام کے مشران و عمائدین کے ساتھ جرگہ منعقد کیا، جس میں ایس پی سٹی، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور علاقائی عمائدین سمیت پولیس افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
جرگے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، علاقائی سیکیورٹی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں، منشیات فروشی کی روک تھام، اور دہشتگردی کے خلاف پولیس کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ بنوں ریجن پولیس دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔ حالیہ آپریشنز میں دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کیا گیا، ان کے ٹھکانے مسمار کئے گئے اور متعدد مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے شہداء کے خون کا حساب دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر لے رہی ہے۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ منشیات فروشی جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کے لیے پولیس موثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ نئی نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے جرگہ سسٹم اور چغہ پارٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مقامی سطح پر تنازعات کے حل اور سماجی نظم و ضبط کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے ایسے مثبت روایتی نظاموں کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مشران نے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے وہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
آخر میں ڈی آئی جی سجاد خان نے مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے، اور عوام کے تعاون سے بنوں کو مکمل طور پر امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔