پشاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی کی وردیوں میں ڈکیتیاں کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کا خاتمہ کر دیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کی خصوصی ہدایات اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کی براہِ راست نگرانی میں چمکنی پولیس نے علی الصبح میرا کچھوڑی مہر گل کلے میں کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ڈکیت گروہ علاقے میں موجود ہے۔ پولیس پارٹی کے پہنچتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔ چند منٹوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران چاروں خطرناک ملزمان مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ گروہ گزشتہ 20 برسوں سے خیبرپختونخوا اور ملحقہ اضلاع میں سرگرم تھا، جو پولیس و ایف سی وردیوں میں ڈکیتیوں، رہزنی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ چند روز قبل اسی گروہ نے جھگڑا کے علاقے میں ایک ڈاکٹر فیملی سے کروڑوں روپے نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار اختیار کیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن سے شہریوں میں اطمینان کی فضا پیدا ہوئی ہے اور عوام نے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرأت مندانہ کارروائی کو سراہا ہے۔ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ پشاور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس ہے اور کسی بھی مجرم کو قانون سے فرار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔