غلام اکبر مروت
لکی مروت، سرائے نورنگ کے پاور ہاؤس جم میں “مسٹر جم جونیئر انٹرکلب کمپٹیشن” کے عنوان سے سالانہ باڈی بلڈنگ مقابلے کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ایس ایچ او تھانہ سرائے نورنگ امیر خان تھے، جن کے ہمراہ اے ایس آئی ظفر محمود خان بمعہ نفری بھی شریک تھے۔ منتظمین کی جانب سے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
ایس ایچ او امیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرائے نورنگ کے عوام سے دلی محبت رکھتے ہیں اور ان کے تعاون سے علاقے کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی موجودگی میں منشیات فروش، ہوائی فائرنگ اور سماج دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جرم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور ہر مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پروگرام کے اختتام پر ایس ایچ او امیر خان اور اے ایس آئی ظفر محمود خان نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور پندرہ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے دونوں مہمانوں کو تعریفی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
مختلف کیٹگریز میں فاتحین میں کیٹگری A (جونیئر) میں رحیم خان نے پہلی، عدنان خان نے دوسری اور حیدر خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کیٹگری B (جونیئر) میں فرقان خان، عصمت اللہ اور راحیل خان بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے حق دار قرار پائے، جبکہ کیٹگری C (سینئر) میں ابرار خان، منیب اللہ اور سدیس خان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔